بھٹکل:25/اپریل(ایس اؤنیوز)بھٹکل ہوناور ودھان سبھا حلقہ کےرکن اسمبلی منکال وئیدیا نے حلقہ کے 40غریب مستحق شہریوں کو وزیر اعلیٰ امدادی فنڈ سے منظورہونے والی 20لاکھ روپئے معاوضہ کی رقم آج یہاں پنچایت آفس میں تقسیم کیں۔
اس موقع پر بات کرتےہوئے رکن اسمبلی نے کہاکہ میری طرف سے غریبوں کی جتنی امداد ہوسکتی ہے وہ میں کررہاہوں، وزیر اعلیٰ سدرامیا اور ضلع نگراں کا روزیر دیش پانڈے میرا ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں، جس کے انہوں نے بھٹکل کے عوام کی طرف سے ان کا شکریہ اداکیا۔
منکال وئیدیا نے اس موقع پر وزیراعلیٰ امدادی فنڈ کے ساتھ ساتھ کے ڈی سی سی بینک سرسی کی طرف سے بھی اُن غریب لوگوں کو دس دس ہزار روپئے کی رقم فراہم کی جن کے مکانات اچانک آگ بھڑکنے سے جل گئے ہیں یا جن کے جانوروں کاجنگلہ یا جائیداد وغیرہ کونقصان پہنچا ہو۔
اس سلسلے میں رکن اسمبلی نے بتایا کہ اچانک کسی آفت سے کسی کے مکان کو یا جائیداد کو نقصان پہنچا ہو تو اُن لوگوں کو حکومت کی طرف سے امداد فراہم کرنے کی کوئی اسکیم نہیں ہے، جس کو دیکھتے ہوئے میں کے ڈی سی سی بینک کے ذریعے ان کو ممکنہ مدد فراہم کررہا ہوں۔ اس موقع پر تعلقہ پنچایت صدر ایشورنائک، پنچایت اسٹانڈنگ کمیٹی کے چیرمن وشنو دیواڑیگا، ہیسکام انجنئیر منجوناتھ نائک، بیلکے کے منجوناتھ نائک، کے جی نائک ماروکیری وغیرہ موجود تھے۔